امریکی محکمہ خارجہ کی انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی امور ، توانائی اور ماحولیات کیتھرین اے نوویلی کاسینیٹر اسحاق ڈار کو ٹیلیفون

موجودہ حکومت کی جانب سے مائیکرو اکنامک استحکام و گورننس میں بہتری کے لئے کی گئیں اصلاحات اور جرأت مندانہ اقدامات کو سراہا وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کا امریکا کے ساتھ جاری دوطرفہ اقتصادی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار

منگل 6 دسمبر 2016 17:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کی انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی امور ، توانائی اور ماحولیات کیتھرین اے نوویلی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور موجودہ حکومت کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران مائیکرو اکنامک استحکام و گورننس میں بہتری کے لئے کی گئیں اصلاحات اور جرأت مندانہ اقدامات کو سراہا ۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے امریکا کی جانب سے تعاون اور امداد پر شکریہ ادا کیا جس کے نتیجہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان سرکاری اور نجی شعبہ میں دوطرفہ روابط بڑھے ہیں ۔ کیتھرین اے نوویلی نے اس امید کا اظہار کیاکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ واشنگٹن کی صورت میں وہ دوطرفہ اقتصادی تعاون پر بات چیت کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں نمو میں اضافے کے لئے دو طرفہ اقتصادی تعاون نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے تحت بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

وزیر خزانہ نے امریکا کے ساتھ جاری دوطرفہ اقتصادی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ نو منتخب امریکی صدر کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات بڑھیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی مفاد میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔