حکومت گیس کی فراہمی کے حوالہ سے صنعتی اور گھریلو شعبوں کی ضرورت سے پوری طرح آگاہ ہے، معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ان شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایل این جی ٹرمینلز تعمیر کئے جائیں گے ، موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے 2018ء تک پاکستان میں توانائی فاضل ہو گی،

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کرک میں مکوڑی گیس پراسیسنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 17:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی فراہمی کے حوالہ سے صنعتی اور گھریلو شعبوں کی ضرورت سے پوری طرح آگاہ ہے، معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ان شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو کرک میں مکوڑی گیس پراسیسنگ پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے دور میں گھریلو اور صنعتی شعبہ کی گیس کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کیلئے کوئی مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی، موجودہ حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد بجلی اور گیس کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے تاکہ ان کی طلب پوری کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے گیس کی تلاش کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور گیس سے متعلقہ 800 ارب روپے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے تحت ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایل این جی ٹرمینلز تعمیر کئے جائیں گے اور گیس پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے 2018ء تک پاکستان میں توانائی فاضل ہو گی، چین۔پاکستان اقتصادی راہداری میں بھی توانائی کے شعبہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان کو ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پچھلے تین سال میں توانائی، بنیادی ڈھانچہ، مواصلات، معیشت، سماجی، تیل و گیس کے شعبوں میں شاندار ترقی کی ہے اور پاکستان 2013ء کے مقابلہ میں معاشی لحاظ سے آج زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا، سسٹم میں مزید گیس شامل ہونے سے کم پریشر اور قلت کا مسئلہ بھی حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرک گیس کی دولت سے مال مالا ہے اور مکوڑی جیسے منصوبوں سے علاقہ میں غربت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے مکوڑی گیس پراسیسنگ پلانٹ کے افتتاح پر مول پاکستان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ کمپنی تیل و گیس کے شعبہ میں اپنی سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ قبل ازیں مول کے حکام نے وفاقی وزیر کو مکوڑی گیس پراسیسنگ پلانٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔