بلڈنگ اور کنسٹرکشن انڈسٹری کی آمد سے پوری دنیا میں کراچی کا مثبت امیج جائے گا،وسیم اختر

نمائشوں کے انعقاد سے کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ،میئر کراچی کا بین الاقوامی بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری ایگزبیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 6 دسمبر 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے بلڈ ایشیا نمائش 2016ء کے آرگنائزرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے بلڈنگ اور کنسٹرکشن انڈسٹری کی یہاں آمد سے پوری دنیا میں کراچی کا مثبت امیج جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی صبح ایکسپو سینٹر کراچی میں بین الاقوامی بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری ایگزبیشن کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور ، نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیز کے نمائندے، آرگنائزر اور دیگر افراد بھی موجود تھے،میئر کراچی نے نمائش میں حصہ لینے والے ملکی اور غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلڈ ایشیا 2016میں 200 سے زائد برانڈز کی نمائش 300 بوتھس پر کی جا رہی ہے اور یہ نہایت خوشی کی بات ہے کہ 17 ممالک سے 250 غیر ملکی مندوبین جن میں چین، متحدہ عرب امارات، ایران، اٹلی، سوئٹزر لینڈ، امریکہ، جاپان، سعودی عرب، جرمنی اور ترکی شامل ہیں اس نمائش میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر چین پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) منصوبے پر عملدرآمد کے ساتھ تعمیراتی صنعت سے متعلق ایسی نمائشوں کے انعقاد سے کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ مقامی تعمیراتی صنعت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ نمائش میں حصہ لینے والے اداروں کی طرف سے یہاں رکھی گئی کنسٹرکشن مشینری و آلات اگر کوئی ادارہ شہر کی بہتری کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو عطیہ کرنا چاہے تو انہیں خوش آمدید کہیں گے کیونکہ شہر میں تعمیر و ترقی کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر اداروں سے بھی تعاون کی امید رکھتی ہے۔

قبل ازیں میئر کراچی نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ 12 ویں بلڈ ایشیا نمائش 2016 8 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران مقامی اور بین الاقوامی تعمیراتی کمپنیز کو باہمی تعاون، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری اور دیگر امور کے حوالے سے رابطے کا پلیٹ فارم مہیا ہوگا، اس نمائش کا مقصد ماربل کٹنگ، ٹولز اور کنسٹرکشن مشینری میں بہتری لانے کے ساتھ ان کی افادیت کو بڑھانا ہے۔

CPEC منصوبے کے تیزی سے بین الاقوامی اہمیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اس اہم ترین پروجیکٹ نے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور 12 ویں بلڈ ایشیا نمائش میں شریک ملک کے طور پر چین اس پلیٹ فارم سے اپنی مصنوعات اور نئی ایجادات متعارف کرا رہا ہے جس سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اقتصادی شعبے میں بہتر یآئے گی، نمائش میں مختلف ممالک کی کمپنیز تعمیراتی مشینری اور میٹریل، اسٹیل اور پی وی سی، ماربل مصنوعات اور مشینری و فرنیچر کی نمائش کررہی ہیں اس نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان نے کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور آل کراچی ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا ہے اور توقع ہے کہ پاکستان بھر سے 50 ہزار سے زائد کاروباری افراد نمائش کا دورہ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :