پاکستانیوں کے ساتھ نارواسلوک، سر شرم سے جھکا دئیے، بھارتی صحافی

منگل 6 دسمبر 2016 16:32

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) بھارت کے ممتاز صحافی این آر گپتا نے کہاہے کہ بھارت سرکار نے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ جو کیا اس سے بھارتی صحافیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ سرکار کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امرتسر کے ہوٹل ریڈ سن میں پاکستانی وفد کو روکے رکھنے سے ہمیں دلی تکلیف ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

گولڈن ٹیمپل میں بھارتی میڈیا کو سرکار کی طرف سے بتایا گیا کہ پاکستانی وفد آرہا ہے لیکن گھنٹوں انتظار کے بعد بتایا گیا کہ پاکستانی وفد واپس پاکستان چلا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملاقات اوربات چیت سے راستے کھلیں گے۔ بات چیت کے دروازے بند کرنا مشکلات کو بڑھا دے گا۔انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ ایک پکنک کانفرنس تھی انہوں نے کہا ہمیں پاکستان سے وفد کا آنا اچھا لگا ہے، لیکن جس طرح کی خبریں سامنے آئی ہیں اس سے دل دکھی ہوگیا ہے۔ایسا کرنے سے بھارتی سرکار کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، پاکستان بھارت کے تعلقات اچھے ہوں گے تو خطے میں امن بھی اچھے سے قائم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :