قومی احتساب بیورو کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے گلگت بلتستان میں سرگرمیاں جاری

منگل 6 دسمبر 2016 16:25

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) قومی احتساب بیورو کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے رشوت اور کرپشن کے انسداد کے لئے شعور اجاگرکرنے کے لیے ملک گیر مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں گلگت بلتستان میں بھی نیب کے زیر اہتمام مختلف سرگرمیاں جاری ہیں، ان سرگرمیوں کا مقصد رشوت اور کرپشن کے خاتمے کے لئے لوگوں میں آگاہی اور شعور بیدار کرنا ہے۔

اس سلسلے میں گلگت میں دو اہم تقریبات کا اہتما م کیا گیا،پہلی تقریب آغا خان ہائر سیکینڈری سکول میں منعقد ہوئی جس میں مختلف سکولوں کے طلباء کے مابین پینٹنگ کا مقابلہ تھا جس میں نجی اور سرکاری سکولوں کے طلبا ء نے شرکت کی۔ پینٹنگ کے مقابلے کا عنوان ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ تھا۔اس موقع پرمختلف سکولوں کے بچوں نے مذکورہ عنوان پرپینٹنگز بنائیں اور اپنے فن کے زریعے کرپشن سے ہونے والے مسائل اور ان کے سدباب کے حوالے سے اپنے خیالات کو رنگوں کا جامعہ پہنایا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب سید ظاہر شاہ نے کہا کہ اس سرگرمی کامقصد سکولوں کے معاشرتی برائیوں کے خلاف شعور بڑھانا ہے ۔تقریب میںڈائریکٹر نیب نعمان اسلم، ڈپٹی ڈائیریکٹر نیب عبدل ماجد اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ دوسری تقریب فاطمہ جناح گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں منعقد ہوئی،جہاں طلبا ء و طالبات نے تقریری مقابلوں اور مختصر ڈراموں کے زریعے کرپشن کے خلاف اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل نیب سید ظاہرشاہ موجود تھے ،جنہوں نے طلباء و طالبات کی جانب سے پیش کئے جانے والے ڈراموں اور تقریری مقابلوں کو بے حد سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب سید ظاہرشاہ نے کہا کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے عوام میں بھرپور شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں میڈیا اور دیگر فورمز پر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کے موقع پر نیب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو منظر عام پر لانا اور عوام کو آگاہی دینا ہے۔ اس سلسلے میں کل ایک سیمینار کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکاء بد عنوانی کے تدارک کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔