گلگت بلتستان میں 35کروڑ روپے سے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری، صوبے کے تمام خصوصی افراد کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کا فیصلہ

رورل سپورٹ پروگرام کو فعال بنایا جائے گا ،بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ماہرین کی خدمت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا،وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن

منگل 6 دسمبر 2016 16:25

گلگت بلتستان میں 35کروڑ روپے سے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری، صوبے ..
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (جی بی آر ایس پی)کو فعال بنایا جائے گا ،بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ماہرین کی خدمت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا، شعیب سلطان ،نثار میمن اور امجد ثاقب جیسے ماہرین کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اعزازی ممبر رکھا جائے گا، سٹیرنگ کمیٹی بنائی جائے گی جو روزمرہ امور کی بخوبی انجام دہی کی ذمہ دار ہوگی، دیگر صوبوں میں ایس آر ایس پیز کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، جی بی آر ایس پی کے ذریعے مخیر حضرات کو بھی ترقیاتی امور میں شامل کیاجائے گا مختلف اداروں کے بنائے جانے والے لوکل سپورٹ آرگنائزیشن (ایل ایس اوز) کا ڈیٹا جمع کیاجائے گا اور جن شہروں میں پہلے ایل ایس اوز نہیں ہیں وہاں نئے ایل ایس اوز بنائے جائیں گے،کمیونٹی کی شراکت سے ہی تعمیر و ترقی کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جاسکتا ہے کمیونٹی کی شراکت کے منصوبوں کی تعمیر کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں بلغار جیسے دور افتادہ علاقے میں عوامی شراکت سے انتہائی کم لاگت میں تعمیرہونے والا حفاظتی بند اپنی مثال آپ ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جی بی آر ایس پی کو فعال کرنے اور انڈومنٹ فنڈ کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جی بی آر ایس پی کی آسامیوں کو مروجہ طریقہ کار کے مطابق مشتہر کیا جائے اور میرٹ پر سٹاف کی بھرتیاں عمل میں لائی جائیں۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے 35کروڑ کے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی بھی حتمی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع سے بنیادی ڈیٹا اکھٹا کیا جائے صوبے میں تعمیر ترقیاتی منصوبوں کو دیرپا اور مستقل بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اہمیت کی حامل ہے،حکومت نے لوکل گورنمنٹ میں بنیادی اصلاحات کی ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر سرکاری اداروں کے قیام سے صوبے کے تمام خصوصی افراد کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے تاکہ حکومتی سطح پر ان کی بھرپور مدد کی جاسکے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ بین الاقوامی مخیر حضرات نے حکومتی تعاون کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں آمدگی ظاہر کی ہے۔