آل پاکستان کمپریسڈ نیچرل گیس ایسوسی ایشن کم وزن کے 22 کلو گرام وزنی سی این جی سلنڈر اور کٹس متعارف کرانے کے لئے کام کر رہی ہے، غیاث پراچہ

منگل 6 دسمبر 2016 16:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) آل پاکستان کمپریسڈ نیچرل گیس ایسوسی ایشن (اے پی سی این جی ای) آئندہ تین سے چار ماہ کے دوران مارکیٹ میں گاڑیوں کے لئے کم وزن کے 22 کلو گرام وزنی سی این جی سلنڈرز اور کٹس متعارف کرانے کے لئے کام کر رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث عبدالله پراچہ نے منگل کو اے پی پی کو بتایا کہ کم وزن ماحول دوست سی این جی سلنڈرز اور کٹس پاکستانی مارکیٹوں میں آئندہ تین سے چار ماہ کے دوران دستیاب ہونے کی توقع ہے۔

اس سے سموگ کے حالیہ رجحان کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کم وزن سلنڈرز پرانے 60 کلو گرام وزنی سلنڈرز کے برابر 8 کلو گرام سی این جی بھرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی سے ایندھن کے خرچ میں کمی ہوگی اور اس کی نقل و حرکت میں بھی آسانی ہوگی۔

(جاری ہے)

غیاث پراچہ نے کہا کہ ایسوسی ایشن نئی ٹیکنالوجی کی درآمد اور اس کی پاکستان کی مارکیٹوں میں دستیابی کے لئے غیر ملکی کمپنیوں بشمول اٹلی اور ارجنٹائن کی کمپنیوں سے بات چیت کی ہے۔

انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کی جاری پالیسیوں میں سی این جی سیکٹر کا جائزہ لیا گیا ہے اور پاکستان آئندہ چار سالوں میں دوبارہ سی این جی استعمال کرنے والا نمبر ون ملک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2012ء میں پاکستان سی این جی استعمال کرنے والے ممالک میں سرفہرست تھا اور الله کے فضل و کرم سے ماضی کے اس درجے کو جلد حاصل کرلیا جائے گا۔