نقشہ منظور نہ کروانے پر پاک عرب سکیم میں سات زیر تعمیر مکان سربمہر‘ نیو گارڈن ٹائون میں دو غیر قانونی تعمیرات مسمار

منگل 6 دسمبر 2016 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹائو ن پلاننگ ونگ کے عملے نے گزشتہ روزفیروز پور روڈ پر واقع نجی سکیم پاک عرب ہائوسنگ سکیم میں کارروائی کی اور سکیم کے بلاک سی میں نقشہ منظور کروائے بغیر تعمیر کئے جانے والے سات مکانات کی تعمیر رکواکر انہیں سربمہر کر دیا ‘مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان مکانات کے نقشے باضابطہ طور پر ایل ڈی اے سے منظور کروائیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایل ڈی اے کے عملے نے نیو گارڈن ٹائون کے علاقے میں پلاٹ نمبر6ابوبکر بلاک اور پلاٹ نمبر6سوک سنٹر پر قائم غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کارروائی کر کے انہیں مسمار کردیا۔