اسلام جبر کی بنیاد پر نہیں ،محبت اور اپنے پیغام حقانیت کی وجہ سے دنیا میں پھیلا ہے‘ پاکستان علماء کونسل

تبلیغ اسلام کیلئے جبر کا انداز اختیار کرنے والے اسلامی تعلیمات سے ناواقف ہیں‘ چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی

منگل 6 دسمبر 2016 16:19

اسلام جبر کی بنیاد پر نہیں ،محبت اور اپنے پیغام حقانیت کی وجہ سے دنیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ حکومت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی ذمہ داری بھی ہے،اسلام جبر کی بنیاد پر نہیں بلکہ محبت اور اپنے پیغام حقانیت کی وجہ سے دنیا میں پھیلا ہے،تبلیغ اسلام کیلئے جبر کا انداز اختیار کرنے والے اسلامی تعلیمات سے ناواقف ہیں ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں مختلف مذاہب کے قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں بچیوں کی جبری شادی کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اندرون سندھ ہندو برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ذمہ دار جاگیر دارانہ نظام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے ، اسی لیے ریاست مدینہ میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھی رہتے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غیر مسلموں کو مکمل تحفظ اور امان دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے اقلیتوں کے حوالے سے جو قانون پاس کیا ہے اس پرمذہبی جماعتوں اور مسلمانوں کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔ کسی فرد پر یہ پابندی لگانا کہ وہ اٹھارہ سال سے پہلے مذہب اسلام اختیار نہیں کر سکتا ، بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ اسمبلی کے ممبران کو اس پر غور و فکر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان میں بین المذاہب و بین المسالک رواداری میں بہتری آئی ہے۔ مسلم علماء اور غیر مسلم قائدین کے باہمی رابطوں سے مسائل کے حل میں مدد ملی ہے اور پاکستان علماء کونسل کے تحت قائم قومی مصالحتی کونسل اپنی اس جدوجہد کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :