خصوصی افراد معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ‘ پرویز ملک

لبارڈ خصوصی افراد کی صلاحتیں اٴْجاگر کرنے اور معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے

منگل 6 دسمبر 2016 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ، لبارڈ خصوصی افراد کی صلاحتیں اٴْجاگر کرنے اور معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ سلمان رفیق، لبارڈ کے سیکریٹری جنرل سعید خان ، ایم این اے شائستہ پرویز ملک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر شرکاء نے ایک قرار داد بھی پاس کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ خصوصی افراد کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نے کہا کہ خصوصی افراد بالخصوص بصارت سے محروم افرا دکے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ وہ باآسانی زندگی بسر کرسکیں۔ لبارڈ کے سیکریٹری جنرل سعید خان نے کہا کہ لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں اپنی مدد آپ کے تحت انتہائی بے لوث جذبے کے ساتھ معذور افراد کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو انڈسٹریل سٹچنگ، موبائل ریپیئرنگ، کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر سمیت دیگر بہت سے ہنر سکھائے جارہے ہیں تاکہ یہ اپنا روزگار باعزت طریقے سے کماسکیں۔