دو روزہ جاپان بزنس نمائش کل سے شروع ہو گی

پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام ، مصنوعات تیار کرنیوالی 18معروف جاپانی کمپنیاں نمائش کا حصہ ہونگی

منگل 6 دسمبر 2016 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء)جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام دو روزہ جاپان بزنس نمائش کل سے شروع ہو گی ۔نمائش میںپاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی اور مصنوعات تیار کرنے والی 18معروف جاپانی کمپنیاں اس نمائش کا حصہ ہونگی۔مخصوص جاپانی برانڈز جن میں آٹو سیکٹر کمپنیوں کی مصنوعات ، الیکٹرونکس، مشینری، ہیلتھ کیئر، سکن کیئر، سٹیل، کیمیکل کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل سے منسلک مصنوعات نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس نمائش میں جیٹرو کا بوتھ بھی ہو گا جس کا مقصد نمائش پر آنے والے افراد کو جاپانی مارکیٹ، مشہور جاپانی کمپنیوں اور کاروباری شراکت کے حوالے سے معلومات فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ مستقبل میں جاپان میں ہونے والی نمائش میں شرکت کے مواقعوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔جیٹرو اس نمائش کی کامیابی کیلئے پر امید ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت 80سے زائد جاپانی کمپنیاں یاجاپانی کمپنیوں سے منسلک کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔جیٹرو کراچی تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک تنظیم ہے اور پاکستان اور جاپان کے باہمی معاشی تعلقات ہمیشہ اس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔