ہمیں ہاتھ پیر باندھ کر پھینک دیا گیا،کراچی کے مسائل حل کرکے دم لوں گا،وسیم اختر

منگل 6 دسمبر 2016 15:05

ہمیں ہاتھ پیر باندھ کر پھینک دیا گیا،کراچی کے مسائل حل کرکے دم لوں گا،وسیم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہاہے کہ وسائل کے معاملے پر ہمیں ہاتھ پیر باندھ کر شہر میں پھینک دیا گیا ہے مگر حوصلہ و ہمت نہیں ہاروں گا،میرے پاس وقت کم ہے اور شہر کے مسائل زیادہ ہیں ، عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرکے دم لوں گا ۔ کراچی میں جاری صفائی مہم کے جائزے کے موقع پر جب پارٹی کارکنوں اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے ان کا پھولوں کی پتیاں نچھاورکرکے استقبال کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کی بنیاد پر ہم پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکی جائیں، پھول پھینکنا بند کریں، ہمارے ایسے کارنامے نہیں کہ ہم پرپھول ڈالے جائیں، ہمیں ہار پہنانے سے بہتر ہے کام کریں اور یہ پیسہ کام میں خرچ کریں، ہمیں وسائل کے معاملے میں ہاتھ پیر باندھ کر پھینک دیا گیا ہے لیکن انشا اللہ ہمت نہیں ہاروں گا کیونکہ وقت کم ہے مقابلہ سخت ہے، کراچی کے مسائل حل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے بہت کام کرنا ہے ، کراچی کے مختلف علاقوں میں عوام کو بہت سے مسائل درپیش ہیں ، میری کوشش ہوگی کہ شہر میں جتنے ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں ان کو فوری طور پر شروع کیا جائے ، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے منتخب نمائندے ہمارے ساتھ ہیں، جہاں خود نہیں جاتا وہاں متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتا ہوں کہ مسائل حل کریں جب کہ شہرقائد میں نکاسی آب کا نظام خراب اورسڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ صورت حال کی بہتری کے لیے مختلف جماعتوں کے ڈسٹرکٹ ایدمنسٹریٹرز سے بھی رابطے میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :