گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے 15 لاکھ سیاحوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،صوبائی وزیر فدا خان فدا

منگل 6 دسمبر 2016 14:37

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر سیاحت ،کھیل و ثقافت گلگت بلتستان فدا خان فدا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹوارزم پالیسی بنارہے ہیں ،آئندہ سال 15 لاکھ سیاحوں کا ہدف رکھا گیا ہے ،جی بی کی معیشت کو مضبوط کرنے کا واحدذریعہ سیاحت ہے اور سیاحت کے فروغ کے لئے ہوٹل انڈسٹری کو مراعات دینگے ۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جس کی وجہ سے رواں سال 10 لاکھ سیاحوں نے گلگت بلستتان کا رخ کیا اور آئندہ سال کے لئے ہمارا ہدف 15 لاکھ سیاح ہیں ،اس سلسلے میںگلگت بلتستان اور اس کے تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر انفارمیشن ڈیسک کا قیام یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے احکامات پر سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت 40 لاکھ تک قرضے فراہم کر رہی ہے،اس سال عالمی شندور فیسٹیول ،راما فیسٹیول ،اور بابو سر فیسٹیول اپنی زیر نگرانی کراؤں گا اور اس کی تشہیر عالمی سطح پر کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں پولو جی بی کی پہچان بن چکا ہے اور اس سلسلے میں جی بی میں 33 پولو گرائونڈز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔