آلو کی فصل کو خطر ناک بیماریوں سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 13:42

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے آلو کی فصل کو موزیک، تنے ،آلو کے کوڑھ،مائیکو پلازما،آلو کے پتہ مروڑ وائرس اورآلو کے وائرس وائی جیسی خطر ناک بیماریوں سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ مذکورہ بیماریاں آلو کی پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیںلہٰذا اس سلسلہ میں کاشتکار زرعی سائنسدانوں کی طرف سے جاری کردہ سفارشات پر عمل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ تنے اور آلوکے کوڑھ کی بیماری پھپھوند کی مخصوص قسم سے پھیلتی ہے جس کے سخت حملہ کی صورت میں پودامرجاتا ہے اوراس سے پیداوار کم حاصل ہوتی ہے لہٰذااس کے انسداد کیلئے کاشتکارتندرست بیج بوئیں جو ایسی فصل سے حاصل کیاگیا ہو جو تمام بیماریوں سے مبرّا ہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار آلوکاشت کرنے سے پہلے سفارش کردہ پھپھوند کُش زہرکا محلول بحساب 2گرام فی لٹر پانی میں ملاکر آلو کے بیج کو اس میں 5منٹ تک بھگوکر کاشت کریں۔

انہوںنے کہاکہ مائیکوپلازما کی بیماری سے نہ صرف آلو کی فصل بدنما ہوجاتی ہے بلکہ اس کی پیداوار بھی متاثرکرتی ہے اس لئے 8سی10دن کے وقفے سے مناسب زہر کا سپرے کرتے رہیںاور آلوکا بیج تندرست فصل سے حاصل کریں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار متاثرہ کھیتوں میں دوسے تین سال تک آلوکی فصل کاشت نہ کریں اور فصلوں کے مناسب ہیرپھیر سمیت قوتِ مدافعت رکھنے والی اقسام کاشت کریں۔