کماد کی کٹائی سطح زمین سے ایک انچ گہرا کرنے کی ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 13:42

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے مڈھوں میں موجود گڑوئو ں کی سوئی ہوئی سنڈیوں کی تلفی کیلئے کماد کی فصل کو ایک انچ تک گہرا کا ٹنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کماد کی فصل کی کٹائی کرتے وقت گنے کو زمین کی سطح سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹا جائے کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹ سکتی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کے عمل کو مد نظر رکھ کر کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکار پہلے ستمبر کاشت، مونڈھی فصل اور اگیتی پکنے والی اقسام برداشت کریں اس کے بعد درمیانی اور دیر سے پکنے والی اقسام برداشت کی جائیں ۔انہوںنے کہا کہ چوہے کے حملے اور گرنے کی صورت میں متاثرہ فصل کو پہلے کاٹا جائے اور گنے کی کٹائی سے قبل آبپاشی کا سلسلہ بھی بند کر دیا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ گنا کاٹنے کے بعد جلد از جلد قریبی شوگر ملز کو سپلائی کر دیا جانا بھی ضروری ہے تاکہ وزن اور ریکوری میں کمی نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں مونڈھی فصل نہ رکھنی ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے گندم کی کاشت کا عمل مکمل کر لیا جائے تاکہ گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ نہ رہے۔