طالبان کو بتایا جائے امن کا کوئی متبادل نہیں، امریکہ

پاکستان، چین اور بھارت افغانستان اور خطے کی مضبوطی کے لیے اقتصادی اور توانائی کے شعبوں کو وسعت دیں،لورل ملر

منگل 6 دسمبر 2016 13:39

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) امریکا نے افغانستان کے پڑوسی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کو واضح پیغام دیں کہ افغان تنازع کا مذاکرات کے علاوہ اور کوئی متبادل حل نہیں۔بھارتی میڈیاکے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے لورل ملر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور طالبان پر مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جانا چاہیے۔

لورل ملر کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان کے ان تمام پڑوسی ممالک کی حوصلہ افزائی کرے گا جو افغانستان میں وسیع تر امن بحال کرنے اور طالبان کو مذاکرات کے دھارے میں لانے کے لیے کوششیں کریں گے، طالبان کے لیے بھی امن بحال کرنے کے لیے یہ ایک اچھا موقع ہے۔لورل ملر کے مطابق عالمی برادری افغان حکومت کی حمایت جاری رکھنا چاہتی ہے، لیکن اس سے زیادہ اہم افغانستان کے پڑوسیوں کی جانب سے افغان حکومت کی طویل المدتی مدد اور حمایت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان کے تمام پڑوسی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات حقیقی ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو متحد ہوکرکام کرنے کی ضرورت ہے۔لورل ملر کا کہنا تھا کہ افغان قیادت اور افغانستان کی نمائندگی کرنے والوں کے درمیان امن مذاکرات سے ہی افغان تنازع کا خاتمہ ہوگا اورامریکا تحفظات کے بغیر ایسے امن مذاکرات کی بھرپور حمایت کریگا،ان کا کہناتھاکہ امریکا نے افغان حکومت کو حزب اسلامی کے ساتھ امن مذاکرات کا معاہدہ کرنے کی سفارش کی ہے اورانہیں یقین ہے کہ ایسے معاہدے سے دوسرے جنگجو گروپوں کو اچھا پیغام جائے گا۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان، چین اور بھارت سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان اور خطے کی مضبوطی کے لیے علاقے میں اقتصادی اور توانائی کے شعبوں کو وسعت دیں۔لورل ملر کے مطابق ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان میں انتشار، اقتصادی حالات، سلامتی اور سیاسی عدم استحکام پر گفتگوکی۔ان کا کہنا تھاکہ ہم اپنے شراکت داروں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے افغانستان کی مضبوطی اور خطے میں استحکام کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کیا، اس فورم کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، امریکا ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے اہداف حاصل کرنے کے لیے کوشش کرتا رہے گا۔