پاکستان 2018ء تک بجلی کے بحران پر قابو پا لے گا

کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ،گیارہ ہزار میگا واٹ سسٹم میں شامل ہو گی سی پیک کے تحت کئی منصوبے جلد مکمل ہوں گے ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال

منگل 6 دسمبر 2016 13:35

پاکستان 2018ء تک بجلی کے بحران پر قابو پا لے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء) پاکستان میں چین کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جن سے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی جو 2018ء تک نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی اور اس سے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا ، چین کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مختص 46ارب ڈالر میں سے تین چوتھائی دنیا کے دوسرے بڑے اقتصادی منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ پر خرچ کئے جائیں گے ،46ارب ڈالر میں سے ہم ابھی تک صرف 35ارب ڈ الر استعمال کر رہے ہیں جن منصوبوں پر یہ رقم خرچ کی گئی ہے ، وہ یا تو زیر تکمیل ہیں یا مکمل ہونیوالے ہیں ، یہ بات پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہی ہے جو چائنا ڈیلی نے اپنی تازہ ترین اشاعت میں شائع کی ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جب سے چین نے بیس کروڑ کی آباد ی کے ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کیا ہے ، پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو آئندہ دس برسوں کے دوران ترقی کی اعلیٰ ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں ، یہ اس منصوبے کا حصہ ہے جسے چینی حکومت بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا نام دیتی ہے اور جس کا مقصد سینٹرل ایشیاء اور یورپ کو ریلوے بندر گاہوں اور شاہراہوں کے ذریعے منسلک کرنا ہے ، اس منصوبے میں گیارہ بلین ڈالر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے بشمول سڑکوں کیلئے مخصوص کئے گئے ہیں جو دو فیصد کے رعایتی قرض پر فراہم کئے گئے ہیں اور جن کی ادائیگی بیس سال کے بعد ہونا ہے ، اس کے ساتھ پانچ سال کا رعایتی عرصہ بھی شامل ہے ۔

احسن اقبال نے جو کہ پاکستان میں سرمایہ کاری منصوبوں کی سربراہی کررہے ہیں مزید کہا کہ بقایا رقم پاکستان میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی جس کے بارے میں توقع ہے کہ وہ 2018ء تک نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی اور اس سے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جاسکے گا ۔ علاوہ ازیں چین اور ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو مزید 8ارب ڈالر فراہم کررہا ہے جس سے ریلوے نیٹ ورک کو جدید بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :