فصلوں کا ادل بدل زمین کی ذرخیزی پر مثبت اثرات مرتب کرتاہے، زرعی ماہرین

منگل 6 دسمبر 2016 13:26

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)بارانی علاقوں میں فصلوں کے ہیرپھیر سے موسم ربیع کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کا مؤثر انسداد کیا جاسکتاہے جبکہ فصلوںکا ادل بدل زمین کی ذرخیزی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتاہے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے بتایاکہ فصلوں کی ترتیب میں اگر پھلی دار فصلوںکو بھی شامل کیاجائے تو جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ زمین کی ذرخیزی بڑھا کر اچھی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ موسم ربیع میں گندم ،سرسوں، توریا، رایا ، چنا ، مسور جیسی اہم ترین فصلیںبارانی علاقوںمیں نمایاں اہمیت رکھتی ہیں جن کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ان میں موجود جڑی بوٹیوں کا خاتمہ اشد ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر جڑی بوٹیوں کا مسئلہ شدت اختیار کرجائے اور ان کی تلفی کیلئے غیر کیمیائی طریقے کامیاب نہ ہوسکیں تو ان جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کیمیائی طریقے سے جڑی بوٹی کش ادویات کے استعمال سے کیاجاسکتاہے۔