سورج مکھی کی فصل قطاروں میں کاشت کرنے کی ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 13:26

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)کاشتکاروںکو اچھی پیداوار کیلئے سورج مکھی کی فصل قطاروں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے او ر کہاگیاہے کہ پلانٹر ، ٹریکٹر ڈرل ، سنگل روکاٹن ڈرل ، پوریاکیرا، ڈبلنگ و چوپا کے ذریعے کاشت نہائت کارآمد ثابت ہوئی ہے لہٰذا کاشتکار قطاروں میں سورج مکھی کی کاشت کریں اور قطاروںکا درمیانی فاصلہ سوا دو سے اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاش علاقوں میں 9انچ جبکہ بارانی علاقوں میں 12 انچ رکھا جائے ۔

انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کو اس بات کاخیال رکھنا چاہیے کہ بیج تر وتر حالت میں کاشت کیاجائے اور بیج کی گہرائی 2انچ سے زیادہ نہ ہو ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کھیلیوں پر کاشت کرنا مقصود ہوتو کھیلیاں آلو کاشت کرنے والے رجر سے شرقاً غرباً نکالی جائیں اور کھیلیوں میں پہلے پانی لگایاجائے پھر جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑاا وپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ڈبلنگ کے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کا طریقہ نہائت کارآمد ثابت ہواہے ۔ اس طریقہ سے کاشت میں پہلے اڑھائی فٹ کے فاصلے پر وٹیں بنا لی جاتی ہیں پھر پانی دے کر ہر 8 سے 9انچ کے فاصلے پر سوراخ کرکے ایک ایک بیج ڈال دیا جاتاہے تاہم اس دوران یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ بیج پانی میں نہ ڈوبنے پائے۔