راولپنڈی،میئر شپ کے امیدواروں کا فیصلہ کل ہو گا

وزیراعلیٰ شہباز شریف وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مشاورت کے بعدفیصلہ کرینگے میونسپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

منگل 6 دسمبر 2016 11:07

راولپنڈی،میئر شپ کے امیدواروں کا فیصلہ کل ہو گا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2016ء) راولپنڈی میں میئر شپ کے امیدواروں کا فیصلہ کل(بروز منگل)ہو گا میئرشپ کی دوڑ میں شامل 5امیدواروں میں سے ایک کی قسمت کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مشاورت کے بعدکریں گے کسی ایک امیدوار کومیئر راولپنڈی کیلئے پارٹی امیدوار نامزد کریں گے،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،شہر کی 46 یونین کونسلوں میں سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو 46میں سی40 یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور مخصوص نشستوں کے نومنتخب 17 ممبران سمیت مجموعی طور پر57 ممبران کی حمائیت حاصل ہے ،پیپلز پارٹی کے 3 جبکہ تحریک انصاف کے 2 اور1 یوسی چیئرمین کا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے،پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے حکمران جماعت کوسردار نسیم خان،شیخ ارسلان سجاد خان ،راجہ حامد حسین عباسی اورملک سلطان محمود جبکہ ڈپٹی میئرز کیلئے ملک حفیظ اعوان ،راجہ مقصود حسین،چوہدری طارق،عابد حسین عباسی،ملک سلطان محمود اور شیخ ارسلان سمیت دیگر نے درخواستیں جمع کرائی ہیں،اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے تاحال کوئی متفقہ امیدوار سامنے نہیں آیا ہے تاہم میئر کی نشست کیلئے اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے سردار نسیم خان اور شیخ ارسلان حفیظ کے درمیان متوقع ہے،اسی طرح ڈپٹی میئر کیلئے ملک حفیظ اعوان ،عابد حسین عباسی،راجہ مقصود حسین ،ملک سلطان محمود اورچوہدری طارق مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، الیکشن شیڈول کے مطابق09 اور 10 دسمبرکو کاغذات نامزدگی جمع11 اور 12 دسمبرکو سکروٹنی ہوگی،14 دسمبر کو اپیل جبکہ15 دسمبر کو اپیل پرفیصلہ سنایا جائے گا اور16دسمبر کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی لسٹ آویزاں ہوگی اور انتخابی نشانات الاٹ ہونگے،22 دسمبر کو پولنگ ہوگی اور 23 دسمبرکوریٹرننگ افسرباقاعدہ انتخابی نتائج کا اعلان کریں گے،28 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگاجبکہ 31 دسمبر کو نو منتخب بلدیاتی اداروں کے سربراہان کی حلف برداری ہوگی۔