کینال ایکسپریس وے میگا پراجیکٹ کی تزئین و آرائش منصوبہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ڈی سی او

پیر 5 دسمبر 2016 22:13

فیصل آباد ۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)کینال ایکسپریس وے کے میگا پراجیکٹ کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اس ضمن میں لینڈ سپیکنگ کا کام دلکش اور خوشنما ہونا چاہئے تاکہ اس عظیم شاہراہ پر سفر کرنے والوں کے لئے پر سکون اور خوشگوار ماحول کا تاثر ابھر سکے ۔ یہ بات ڈی سی او سلمان غنی نے 25 کلو میٹر دو رویہ کینال ایکسپریس وے کا تفصیلی دورہ کرکے مختلف تعمیراتی و انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے عبدالله چیمہ ‘ ڈی او ( روڈز ) افتخار احمد ‘کنٹریکٹر کے نمائدہ عامر نواز کے علاوہ دیگر متعلقین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی او نے ساہیانوالہ انٹر چینج کے قریب کینال اپکسپریس وے کے رائونڈ ابائوٹ کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 17 کلو میٹر پر کینال ایکسپریس کے بائیں جانب موڑ پر بھی دیدہ زیب گرین بیلٹ قائم کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کینال ایکسپریس وے کے اردگرد خوبصورت پودوں کی آبیاری کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کنٹریکٹر سے کہا کہ یوٹرن ‘ مختلف پلیوں ‘ علاقہ کے ماحول اور ٹریفک نشانات پر مبنی شہریوں کی رہنمائی کے لئے مختلف مقامات پر خوبصورت بورڈ آویزاں کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر نصب کی جانے والی لائٹس کی دیکھ بھال اور تحفظ کا خصوصی بندوبست ہونا چاہئے ۔ ڈی سی او نے شاہراہ کے استعمال کے بعد ظاہر ہونے والی معمولی نوعیت کی خامیوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت کی ۔