گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کابھانجے کی وفات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار

پیر 5 دسمبر 2016 22:00

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے ملاقات کی اور ان کے بھانجے محمد الیاس رجوانہ کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق، چیئر مین پنجاب پبلک سروس کمیشن میجر جنرل(ر) سجاد اکرم، ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان نصیر احمد بھٹہ، سینئر صحافی مقصود اعوان، خالد قیوم، ایس ایس پی شوکت عباس اور شریف ظفر جوئیہ شامل تھے۔

دریں اثناء گورنر ہاؤس کے افسران اور تمام سٹاف نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور ان کے جواں سال بھانجے ملک محمد الیاس رجوانہ کی اچانک وفات پر ان سے تعزیت کی ۔

(جاری ہے)

سٹاف نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی -بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے C42کے سینئر صحافی علی اکبر کو ٹیلی فون پر ان کے والد کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔