اعلی تعلیمی اداروں یا یونیورسٹیوں کا مقصد صرف ڈگریاں جاری کرنا نہیں ،ڈاکٹر اقرار احمد خان

یونیورسٹیوں کا مقصد دیہی ترقی پر توجہ اور جدید سائنسی خطوط پر ملکی معیشت میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

پیر 5 دسمبر 2016 21:52

بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں یا یونیورسٹیوں کا مقصد صرف ڈگریاں جاری کرنا نہیں ہوتا بلکہ اس کا مقصد دیہی ترقی پر توجہ اور جدید سائنسی خطوط پر ملکی معیشت میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے بورے والا میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کے قیام کا کریڈٹ یہاں کے سیاستدانوں اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے یہاں ایسا ادارہ قائم کر کے علاقے کے ہزاروں طلباء و طالبات کو زرعی تعلیم حاصل کرنے کاموقع فراہم کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی سب کیمپس بورے والا کی پہلی سالانہ تقریبات اور زرعی بیٹھک کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم ،چوہدری نذیر احمد آرائیں ،ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد یوسف کسیلیہ اور سابق صوبائی وزیر نامزد امیدوار چیئر مین ضلع کونسل پیر غلام محی الدین چشتی اور ڈاکٹر قمر زمان آف کینیڈا نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں پرنسپل سب کیمپس بورے والا پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام خان ،ڈاکٹر جلال عارف پروفیسر آف انٹالوجی فیصل آباد ،ڈاکٹر جہانزیب مسعود چیمہ ،ڈاکٹر اللہ بخش ڈین ایگری انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ،پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان پروفیسر ڈاکٹر سہیل اختر ،اسسٹنٹ کمشنر بورے والا احمر سہیل کیفی اور معروف ڈویلپر رانا طاہر کریم بھی موجود تھے ،وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اللہ تعالی نے ہمیں چار موسم دیئے ہیں ہمارہ کسان محنتی ہے مگر حکومت کی طرف سے زراعت کی پالیسی نہ ہونے اور زرعی ادویات ،کھاد ،بیج ،بجلی اور جدید مشینری پر سبسڈی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری زراعت زوال پزیر ہے گزشتہ سال وزیر آعظم کے کسان پیکج کے باعث کھاد کی قیمتوں میں استحکام آیا نہ بلیک مارکیٹنگ ہوئی اور نہ ہی ذخیرہ اندوزی ہوئی اب پنجاب میں وزیر اعلی کسان پیکج شروع کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو نگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا کی آبادی سات ارب ہے ۔پاک چائینہ سی پیک منصوبہ سے دنیا کی آدھی آبادی اس سے منسلک ہو جائے گی اور ساڑھے تین ارب آبادی کی خوراک زراعت سے ہی حاصل ہو گی جس سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور خوشحالی آئے گی انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زرعی زمین کیلی فورنیا کی زرعی زمین سے تین گنا زیادہ ہے مگر پیداوار اٴْس کا صرف 20واں حصہ ہے انہوں نے کہا کہ سیاستدان اس سب کیمپس کو خود مختار یونیورسٹی کا درجہ دلوائیں اور وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے سب کیمپس بورے والا کی تعمیر کے لیئے اعلان کردہ ایک ارب روپے کے ڈائریکٹو پر عمل کروا کر اس عمارت کو مکمل کروائیں انہوں نے مزید کہا کہ اس سب کیمپس میں پی سی ون کے مطابق 200طلباء و طالبات سے چھ گنا بچے یعنی 1260طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جوکہ اس سب کیمپس کی عوامی پزیرائی کا منہ بولتا ثبوت ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈلیوزی یونیورسٹی کینیڈا کے پروفیسر آف انٹامالوجی ڈاکٹر قمر زمان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کینیڈین یونیورسٹی کے مابین وائس چانسلر کی وجہ سے ایم او یو پر دستخط ہو چکے ہیں جس کے تحت یہاں زیر تعلیم طلباء 2سال پاکستان اور 2سال کینیڈا میں تعلیم حاصل کر کے ڈبل ڈگری حاصل کر سکیں گے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سید ساجد مہدی سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے ہمارے مطالبے پر بورے والا میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا میگا پروجیکٹ منظور کر کے علاقے کی عوام پر انتہائی مہربانی کی ہے جس پر ہم اٴْن کے شکر گزار ہیں اگر یہ ادراہ نہ بنتا تو آج بورے والا کی صرف پچیس فیصد بچیاں تعلیم حاصل کر سکتیں باقی استطاعت نہ رکھنے کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی رہتیں پیر غلام محی الدین چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند سال پہلے یونیورسٹی والی جگہ بنجر اور ریگستان تھی آج یہاں حکومت کی مہربانی کی وجہ سے جنگل میں منگل ہو گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس میگا پروجیکٹ میں درجہ چہارم کی تمام اسامیوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا۔

چوہدری محمد یوسف کسیلیہ ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی اٴْن کے حلقہ انتخاب میں بنی ہے اس لیئے میری کوشش ہو گی کہ اسے اپ گریڈ کروا کر باقاعدہ یونیورسٹی کا درجہ دلوایا جائے تاکہ آنے والے وقتوں میں ہمارے علاقے میں مزید ترقی ہو سکے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی بورے ولا چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ انہوں نے بھی اس یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو اس کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ کیا اور اسے بنانے پر آمادہ کیا ۔انشاء اللہ آئندہ بھی ہم تمام سیاستدان اس ادارے کی ترقی کے لیئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے

متعلقہ عنوان :