گراں فروشی کرنے والوں کیخلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے، بلال یاسین

تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اتوار بازاروں کا دورہ کریں ،ناپ تول میں کمی، غیر معیاری اشیاء کی فروخت ہر صورت روکی جائے ، پیاز ، لہسن ، ٹماٹر اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے گا،صوبائی وزیر خوراک

پیر 5 دسمبر 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اتوار بازاروں کا دورہ کریں اور اتوار بازاروں میں معیاری اشیائے خورد نوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اتوار بازاروں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ لوگوں کو بنیادی اشیاء کی فراہمی ارزاں نرخوں پر ممکن ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ناجائز گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے گا ۔ اتوار بازاروں میں پیاز ، لہسن ، ٹماٹر اور دیگر اشیا ء کی قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے خوراک بلال یاسین نے آج محکمانہ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق لوگوں کو حفظان صحت اور معیاری اشیاء کی مارکیٹ ریٹس کے مطابق فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں میں وہ خود مختلف شہروں میں اتوار بازاروں کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار بازاروں کے قیام کا مقصد لوگوں کو معیاری اور کم قیمت پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ ناجائز گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔اتوار بازار میں پیاز،لہسن ، ٹماٹر اور دیگر اشیاء کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ریٹ سے زائد قیمتیں وصول کرنے و الے دکانداروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ اشیاء کی پیمائش ، مقدار ، معیار اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ناپ تول میں کمی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔اجلاس میں محکمہ خوارک کے اعلی افسران اور مختلف اضلاع سے آئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :