انٹرنیشنل گریجویٹ ریکارڈ ایگزامنیشن کی تیاری سے متعلق تربیتی ورکشاپ

پیر 5 دسمبر 2016 21:16

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) شیخ الجامعہ سندھ جام شورو پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی خصوصی ہدایا ت پر کوالٹی انہانسمنٹ سیل اور یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشن پاکستان کے مشترکہ تعاون سے فائونڈیشن کے کراچی میں قائم دفتر میں انٹرنیشنل گریجویٹ ریکارڈ ایگزامنیشن (انٹرنیشنل جی آر ای) کی تیاری کے متعلق تربیتی ورکشاپ منعقد کیا گیا جس میں جامعہ سندھ کے انگریزی و ریاضی شعبے کے 19 اساتذہ نے حصہ لیا۔

اس تربیتی ورکشاپ میں زبانی عقلیت اور عددی عقیلت کے متعلق نشستیں ہوئی جبکہ پاکستان کے نامور جی آر ای کی تیاری کے ماہرین نصرت غفار اور فہیم عباس نے علمی و عملی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے ورکشاپ میں شریک اساتذہ کو جامعہ میں موجود طلباء اور یہ امتحان دینے والے خواہمشندوں کے لیے تیاری کے نت نئے، جدید اور آسان حل اور طریقوں سے روشناس کروایا۔

(جاری ہے)

تربیت میں شریک اساتذہ نے ماہرین کی مہارت اور پڑھانے اور سمجھانے کے مؤثر طریقوں کو بے حد سراہا۔ دوسری جانب تربیت دینے والے ماہرین نے بھی جامعہ سندھ سے آنے والے اساتذہ کے وفد کو ایک انتہائی پرجوش، تربیت کے لیے ہمہ وقت تیار اور محنتی گروپ قرار دیا۔ تربیت میں حصہ لینے والے جامعہ کے اساتذہ نے اس ورکشاپ کو نہایت ہی فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جی آر ای کے بارے میں معلومات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور اس تربیت حاصل کرنے کے بعد وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ وہ اپنے طلباء کو مؤثر طریقے سے جی آر ای کے امتحان کی تیار کروا سکتے ہیں۔

ورکشاپ کے حوالے سے شیخ الجامعہ سندھ نے اپنے خیالات کے اظہار میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکر ڈاکٹر شہزاد میمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آجکل کے مقابلے کے دور میں مقابلے کے رجحان اور بنیادی ٹیسٹس میں کامیابی کے بغیر ملکی و غیر ملکی سطح پر اسکالرشپس خواہ ملازمتوں کے مواقع حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔ ایسی صورت حال میں ڈاکٹر میمن کی جانب سے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشن فائونڈیشن پاکستان کے ساتھ رابطہ کرکے اپنی جامعہ کے اساتذہ کے لیے ایسی کارآمد تربیت کا انتظام کرنا یقینا جامعہ کو ترقی کی راہ پر ایک قدم آگے لے جائے گا۔

متعلقہ عنوان :