انڈس پہاڑی کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور اسٹریٹ لائٹ پر فوری توجہ دی جائے ، صدر چیمبر آف اسمال ٹریڈرز حیدر آباد

پیر 5 دسمبر 2016 21:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) حیدرآباد چیمبر آف اسما ل ٹریڈ رز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد اکرم انصاری، سینئر نائب صدر سکندر علی راجپوت، نائب صدر دولت رام لوہانہ اور اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی نے مینجنگ ڈائر یکٹر سائٹ حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انڈس پہاڑی کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور اسٹریٹ لائٹ پر فوری توجہ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ انڈس پہاڑی پر ایک بڑی تعداد فیکٹریوں ، ملز اور مرکزی حکومت کے دفاتر کی ہے لیکن وہاں رابطہ کی سڑکیں انتہائی مخدوش ہے ۔ بولیورلڈ مال کے جانب سے آنے والی سڑک مہینوں سے نامکمل ہے اور وہاں آئے دِن گاڑیوں کے حادثات ہوتے رہتے ہیں اور ٹائر پھٹتے ہیں جبکہ بدین روڈ کی جانب سے آنے والی رابطہ سڑک میں بڑے بڑے گڑھے ہیں اور گاڑیاں پھنس جاتی ہیں اور فیکٹری مالکان کو ٹرالروں اور ٹرکوں سے مال پہنچنے میں انتہائی مشکل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دونوں سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹ خراب ہے اور رات کے وقت اندھیر چھایار ہتا ہے جبکہ وہ بڑے بڑے ٹینکر، ٹرک اور ٹرالرز وہاں سے گزرتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مینجنگ ڈائریکٹر سائٹ سڑکوں کی تعمیر کرائیں اور اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب ومرمت کا فوری بندوبست کریں تاکہ کسی حادثہ سے بچا جاسکے ٹریفک کی آمدورفت میں آسانی ہو اور ٹریفک جام کا سبب نہ بنے۔