وفاق نویں این ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان کرے ،مظفر سید ایڈوکیٹ

پیر 5 دسمبر 2016 20:43

پشاور۔05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وفاق نویں این ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان کرے جبکہ وہ عنقریب تمام صوبوں کے وزرائے خزانہ سے الگ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر کے نئے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کے تناظر میں صوبوں کو اختیارات اور وسائل کی منتقلی پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال اور مرکز سے اپنے مطالبات پر اتفاق رائے حاصل کریں گے۔

اس سلسلے میں انہوں نے اپنی وزارت کے حکام کو پہلے ہی رابطوں کا ٹاسک حوالے کیا ہے اور ہمیں کافی مثبت اشارے ملے ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ نیا مالی سال صوبے میں میگا پراجیکٹس کا سال ہوگا جس میں سوات موٹر وے اور پشاور ریپڈ بس سمیت مواصلات،توانائی ماحولیات،سیاحت اور تعلیم و صحت سمیت تمام شعبوں میں قومی مفاد کے برے بڑے منصوبے شروع اور مکمل ہوں گے پیر کو اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ خزانہ کے اجلا س اور عوام کے مختلف طبقوں کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قیمتی معدنی اور آبی وسائل کیساتھ ساتھ محنتی اور با صلاحیت افرادی قوت سے مالا مال صوبہ ہے جن سے استفادے کیلئے ہم نے جامع پلان بنایا ہے اور اس کے ثمرات سے پورا ملک مستفید ہوگا۔

(جاری ہے)

ہماری بہتر حکمت عملی کی بدولت عنقریب خیبر پختونخوا قرض لینے نہیں بلکہ دینے والا صوبہ بنے گااور یہاں کے نوجوانوں کو روز گار کیلئے خلیجی ممالک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ غیر ملکی بھی یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ترقی کی رفتار کم نہیں ہوگی اور نہ ہی سرکاری ملازمین کو تنخواہوں یا پنشن کی ادائیگی میں رکاوٹ آئے گی۔

متعلقہ عنوان :