سکل ڈویلپمنٹ کا شعبہ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے، نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ممکن ہے

نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ کا تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب پاکستان کے ہنر مند نوجوان کسی سے کم نہیں انہیں روزگار دلانے سے ہی ملک کو دہشت گردی، بدامنی اور لاقانونیت سے نجات ملے گی،منیجنگ ڈائریکٹر ’’اے پی پی‘‘ مسعود ملک

پیر 5 دسمبر 2016 20:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) قومی کمیشن برائے پیشہ وارانہ و فنی تربیت نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ سکل ڈویلپمنٹ کا شعبہ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے، نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ممکن ہے، نیوٹیک کو بیرون ملک سے ہزاروں کی تعداد میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی ڈیمانڈ موصول ہو رہی ہیں۔

نیوٹیک کے زیر اہتمام پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر پیر کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں صوبائی ہنر مندی کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں صنعتکاروں، تعلیمی اداروں کے سربراہان، سینئر صحافیوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے قیمتی سرمایہ کو ہنر مند بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو عرب ممالک اور مشرق وسطی ہمیں حسرت سے دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر ہنر مند نوجوان کو باعزت روزگار ملے گا، نوجوان چھ مہینے کی ٹریننگ مکمل کرلیں ، ملازمتیں دینے والے ان کے پیچھے پھریں گے۔ تربیت یافتہ پلمبرز اور کک ، ڈاکٹر ز اور انجینئرز سے زیادہ کمائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اگلے سال سے ایک لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے اور اُنہیں ان جدید فنون میں تربیت دیں گے جن کی لوکل اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں طلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مندی مقابلوں کے بہت اچھے نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں اور نوجوانوں کا اس سیکٹر میں رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کو بیرون ممالک سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ڈیمانڈز آرہی ہیں اور ہمارے ہنر مند نوجوانوں کو تیزی سے ملازمتیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا اگر سکل ڈویلپمنٹ ہماری ترجیح اول بن جائے تو یہ سیکٹر چند سالوں میں اس ملک کی تقدیر بدل دے گا۔

راولپنڈی چیمبرز آف کامرس کے صدر محمد راجا عامر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹیک کا ہنر مندی کے مقابلے منعقد کروانا ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھ ماہ کی ٹریننگ کے اختتام پر ہنر مند نوجوانوں کو روات زون مین نوکریاں فراہم کریں گے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ’’اے پی پی‘‘ مسعود ملک نے کہا کہ پاکستان کے ہنر مند نوجوان کسی سے کم نہیں اور انہیں روزگار دلانے سے ہی ملک کو دہشت گردی، بدامنی اور لاقانونیت سے نجات ملے گی، اس سلسلہ میں نیوٹیک کا کردار قابل تحسین ہے۔

ممتاز صنعتکار میاں اکرم فرید نے کہا کہ نیوٹیک کے حالیہ اصلاحات و اقدامات سے اس کے سرٹیفکیٹ کی پوری دنیا میں ساکھ بڑھی ہے اور ہم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پورا تعاون کریں گے۔ ویمن چیمبرز کی شمیم آفتاب نے کہا کہ نیوٹیک کے زیر تحت چھ ماہ کے کورس سے طالبات نے بہت اچھی تربیت لی ہے اور وہ اس ٹریننگ کے ذریعے گھر میں بیٹھ کر روزگار کمارہی ہیں۔

پیوپا کے صدرچوہدری محمد افضل نے کہا کہ ہم نیوٹیک کے تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے میں مدد کریں گے۔ ہنرمندی مقابلوں میں گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر، راولپنڈی اور اسلام آباد کے سینکڑوں نوجوانوں نے حصہ لیا اور چھ مختلف فنون میں اپنی ہنرمندی کا مظاہرہ کیا جن میں آٹو کیڈ، بیوٹیشن ، ڈریس میکنگ اینڈ فیشن ڈیزائننگ، ڈی آئی ٹی ، الیکٹریشن اور پلمبرنگ شامل ہیں۔ ہر ٹریڈ میں اول آنے والے کو75ہزار روپے ، دوئم کو50ہزار روپے اورسوئم کو 30ہزار انعام دیا گیا۔ گلگت بلتستان ، آزادکشمیر ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے بہترین اداروں کے سربراہان کو بھی اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔