ربیع الاول نبیؐ رحمت کی حیات طیبہ کی روشنی عام اور مہر و محبت پھیلانے کا مہینہ ہے، ملک طاہر جاوید

پیر 5 دسمبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ربیع الاول نبیؐ رحمت کی حیات طیبہ کی روشنی عام کرنے اور مہر و محبت پھیلانے کا مہینہ ہے ․ وطن عزیز کو ماہ مقدس کی برکات سے منور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی حقیقی روح کے مطابق معاشرے کو ہر قسم کے استحصال اور ظلم و زیادتی سے پاک کیا جائے ․آج یہا ں پیر کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں ملک طاہر جاوید نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ نبی رحمت کی پیدائش کی نسبت سے روزمرہ استعمال بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں خصوصی رعایت کا اعلان کریں ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ دیگر مذاہب کو لوگ اپنے اپنے تہواروں کی نسبت سے روزمرہ استعمال کی چیزوں میں عوام کو ریلیف دیتے ہیں اس لیے انہوں نے تجارتی انجمنوں اور ایوانہائے صنعت و تجارت پر زور دیا ہے کہ اپنے اجلاس بلا کر ممبران کو ضروری اشیا کی قیمتوںمیں ریلیف دینے کے لیے آمادہ کریں ․ ملک طاہر جاوید نے سیاست دانوں پر زور دیا ہے کہ نبی رحمت کے نام پر وجود میں آئے وطن عزیز میں الزام تراشیوں اور گالی گلوچ کی سیاست ترک کر دیں ․ بات بات پر مقدمے بازیوں سے معاشرے میں تلخیاں اور الجھنیں پیدا ہو چکی ہیں ․ اتحاد و اتفاق کی طاقت بڑھائیں ․ سی پیک اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے مسلمان ملک کو طاقتور اور دنیا کے لیے نمونہ بنائیں ․(قیوم زاہد)