پشاورپولیس نے اخبارفروش کے قتل میں ملوث ملزم کوبھائی اور دوکباڑیوں سمیت گرفتار

پیر 5 دسمبر 2016 20:13

پشاور۔05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ایک ہفتہ قبل رہزنی کے دوران مزاحمت پر اخبار فروش نوجوان کو قتل کرنے میں ملوث ملزم کو بھائی اور2کباڑیوںسمیت گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے مقتول کے موٹرسائیکل سمیت 2موٹرسائیکلوں کے پارٹس، موبائل فون ، ہزاروں کی نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ دیگردو کارروائیوں کے دوران 3رہزنوں کو دھرلیا گیا ہے جن کے قبضہ سے مسروقہ نقدی، موٹر سائیکل، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔

25 نومبر 2016ء کو شفاعت ولد لیا قت سکنہ ہزار خوانی نے تھانہ یکہ توت پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ علی الصبح اس کا جوان سال بیٹا رحمت علی جو اخبار فروش تھا اپنی موٹرسائیکل نمبر ایف ایچ 6513 پر اخبارات تقسیم کرنے کیلئے گھر سے نکلا کہ اس دوران راستہ میں ہزار خوانی روڈ پر مسلح افراد نے اس سے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لیا جبکہ مزاحمت پر اسے فائرنگ کرکے زخمی کردیا مجروح کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز پشاور سجاد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیس ٹریس کرنے کیلئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا جنہوں نے ڈی ایس پی سبرب فضل واحد خان اور ایس ایچ او یکہ توت اعجاز اللہ خان سمیت دیگر تفتیشی افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے سائنسی خطوط اور دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے واردات میں ملوث گروہ کا سراغ لگا لیا۔

گزشتہ روز ایک چھاپہ کے دوران سرغنہ علی رحمن ولد فقیر خان ساکن محلہ شیخان ہزار خوانی، گل محمد ولد فقیر خان، باچاخان ولد ہیکل خان ساکن رنگ روڈ اور صابر خان ولد عبد الرئیس ساکن یوسف آبادکو گرفتار کرلیا۔ مرکزی ملزم علی رحمن نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ میں مقتول رحمت علی کا ہمسایہ ہوں اور اس کی روٹین سے واقف تھا وقوعہ کے روز میں اکیلا واردات کیلئے کھڑا تھا جب میں نے مقتول سے موٹرسائیکل اور موبائل فون چھینا تو اس نے آواز دی کہ ‘‘میں نے تمہیں پہچان لیا ہے‘‘ جس کی بناء پر میں نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا جس کے بعد موبائل فون میں نے اپنے بھائی گل محمد کو دے دیا جبکہ موٹرسائیکل کو پارٹس میںتبدیل کرکے باچا خان اور صابر خان کباڑیوں کو فروخت کردیا۔

پولیس نے مرکزی ملزم کے بھائی سے مقتول کا موبائل فون ،2عددپستول جبکہ مقتول کے موٹرسائیکل سمیت 2 موٹرسائیکلوں کے پارٹس کباڑیوں سے برآمد کرلئے ہیں جن پر انجن اور چیسز نمبرات بھی درج ہے۔اسی طرح عطاء محمد ولد تاج محمد ساکن دورہ روڈ نے 9نومبرکو یکہ توت تھانہ رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ گزشتہ شب گھر جارہا تھا کہ رشید گڑھی میں 2مسلح افراد نے اسے یرغمال بنا دیا اور اسلحہ کی نوک پر اس سے موٹرسائیکل، سامسنگ موبائل فون اور 8ہزار 500کی نقدی چھین لی رپورٹ کے بعد سائنسی خطوط پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان شعیب ولد گل بادشاہ اور اشرف ولد منیر ساکنان محلہ عجب خان رشید گڑھی کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے مسروقہ رقم میں 8ہزار کی نقدی ، موٹرسائیکل اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا ملزمان نے واردات کے بعد موبائل فون فروخت کردیا جس کو جلد برآمد کرلیا جائے گا۔

ادھر اعجاز خان ولد دامان گل ساکن جبہ سہیل آباد نے 4دسمبر 2016کو تھانہ یکہ توت پولیس کو رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ نانبائی ہے اور گزشتہ روز دکان پر موجود تھا کہ اس دوران مسلح ملزم نے اسلحہ کی نوک پر اس سے 14ہزار 480روپے کی نقدی چھین لی اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، رپورٹ کے بعد پولیس نے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملزم عارف اللہ ولد روخان ساکن شاہین مسلم ٹائون تہکال کو گرفتار کرلیا جس کے قبضہ سے مسروقہ نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :