پشاور سمیت صوبہ بھر میں بہترین پولیسنگ دیکھنے کو مل رہی ہے،آئی جی خیبرپختونخوا

پیر 5 دسمبر 2016 20:12

پشاور۔05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں ضلع پشاور تھانہ متھراپولیس کے اہلکاروں کو دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکابنانے اور سنٹرل پولیس آفس میں تعینات جونیئر کلرک کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق 2ستمبرکو ایس ایچ اُو تھانہ متھرا کو اطلاع ملی کہ عسکریت پسندوں کا ایک گروہ خودکش جیکٹس پہننے ہوئے کرسچن کالونی میں تخریب کاری کی غرض سے داخل ہوئے ہیں۔عسکریت پسندوں اور وہاں پر موجود سیکورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ اس اطلاع پر ایس ایچ اُو تھانہ متھرا بغیر کسی تاخیر کے فوراً موقع پرپہنچے اور دہشت گردوں کو فائرنگ کرکے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل سے روک رکھا۔

(جاری ہے)

اس دوران ایس ایچ اُو اعجاز خان دہشت گردوں کے بہت قریب ہونے کی وجہ سے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر نہایت بہادری اور حوصلے سے لڑا ۔ جبکہ عسکریت پسند کلاشنکوف اور ہینڈ گرنیڈ سے لیس تھے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچادیا۔ان کے قبضے سے تین عدد ایس ایم جی ، ایک عدد تین بور پستول ، ایک عدد ہینڈ گرینیڈ اور 6 عدد میگزین برآمد کئے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ناصر خان دُرانی نے کہا کہ ضلع پشاور سمیت صوبہ بھر میں بہترین پولیسنگ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلیری اور ایمانداری سے سرشار پولیس کو کبھی خفت اور ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور یہ بات خوش آئند ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس میں یہ دونوں خوبیاں بدرجہ اتم موجود ہیں اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ اس قسم کی واقعات کی بروقت ناکامی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :