اتمان خیل کیلئے نئی تحصیل کے قیام کی کوششیں جاری ہیں،محمود خان

پیر 5 دسمبر 2016 20:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل و ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت بلا امتیاز عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور معاشرے سے ظلم، ناانصافی کے خاتمے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے اتمان خیل قوم کے مشران کے ایک نمائندہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جرگے کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی محمد خان ،حاجی نورزمین خان انجینئر شاد محمد خان نے کی ۔ جرگے نے صوبائی وزیر کو اتمان خیل قوم کیلئے علیحدہ تحصیل کے قیام کا مطالبہ کیا۔ جبکہ جرگے سے صوبائی وزراء مظفر سید ،میاں جمشید الدین کاکا خیل ،وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے بہبود آبادی شکیل خان ایڈوکیٹ اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے بھی خطا ب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک کی قیادت میں تمام دستیاب وسائل کو استعمال میں لارہی ہے۔صوبائی وزیر محمود خان نے قومی جرگے کو یقین دلایا کہ انکے تمام جائز مسائل و مشکلات بشمول اتمان خیل قوم کیلئے علیحدہ تحصیل کے قیام کے بارے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔

محمود خان نے کہا کہ اتمان خیل قوم کا یہ دیرینہ مطالبہ موجودہ صوبائی حکومت پوار کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاکنڈ کیلئے چوتھی تحصیل کے قیام سے اتمان خیل قوم کے مسائل و مشکلات ان کے دہلیز پر حل ہوں گے۔جرگے نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزراء اور مشیر بہبود آبادی شکیل خان اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا