وفاقی حکومت نے یو این او امن مشن پر لگائی جانے والی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

پیر 5 دسمبر 2016 20:10

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) وفاقی حکومت نے یو این او امن مشن پر لگائی جانے والی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا، آئی جی پنجاب سے نام طلب کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انٹریئر منسٹری نے پنجاب بھر کی ریجنل آفس سے 392 افسران کے نام طلب کر لیے ہیں جو مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھتے ہیں، جس کے لئے سنٹرل پولیس آفس پنجاب سے ایک، سی سی پی او آفس لاہور سے 98، سرگودھا ریجن سے 21، شیخوپورہ ریجن سے 22، گجرانوالہ ریجن سے 55، راولپنڈی ریجن سے 46، ملتان ریجن سے 34، ڈی جی خان ریجن سے 26، بہائوالپور ریجن سے 26، فیصل آباد ریجن سے 44 اور ساہیوال ڈویژن سے 19 افسران کے نام طلب کیے ہیں۔

جبکہ جن شعبہ جات میں نام طلب کیے گئے ہیں ان میں ٹی این ٹی ٹرانسپورٹ سے 23، انویسٹی گیشن سے 2، پروجیکٹ پولیس کے 43، سی ٹی ڈی سے 19، ای پی ایف سے 17، سپیشل برانچ سے 11، ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے 8، ایس ایف یو سے 15، پنجاب کانسٹیبلری سے 37 کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ طلب کیے جانے والے 392 ناموں میں سے 196 نئے جبکہ196 دوبارہ امن مشن پر بھجوانے کے لئے افسران کے نام طلب کیے ہیں۔

جس کے لئے آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے تمام ریجن کے اپنے اپنے افسران کے نام بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔ جس کیلئے سرگودھا ریجن نے یو این او مشن کے لئے ناموں کی تفصیلات اکٹھا کرنا شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 2014 سے یو این او امن مشن پر پابندی عائد کر رکھی تھی، جسے ختم کر دیا گیا ہے۔