سیاستدان نہیں بیوروکریسی کرپٹ ہے ، بلدیاتی نظام کے ثمرات عوام تک پہنچنے نہیں دے رہی{‘ ضلع ناظم ایبٹ آباد

پیر 5 دسمبر 2016 20:08

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) سیاستدان نہیں بیوروکریسی کرپٹ ہے جو بلدیاتی نظام کے ثمرات عوام تک پہنچنے نہیں دے رہی۔ ایبٹ آباد میں بیوروکریسی اور صوبائی حکومت کی ملی بھگت سے حقوق نہیں دیئے جا رہے۔ ہمارے لوگوں میں برداشت کی کمی ہے، یہاں پر جو پی ٹی آئی کا کارکن ہے اس کیلئے مسلم لیگ (ن) کا کارکن ناقابل برداشت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ضلع ناظم ایبٹ آباد سردار شیر بہادر نے سوموار کو مقامی ہوٹل میں عمر اصغر خان فائونڈیشن اور سی وی پی، یو ایس ایڈ کے تعاون سے بلدیاتی نمائندوں کو دی جانے والی تربیت کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع ایبٹ آباد، صوبائی حکومت اور بیورو کریسی کے نشانے پر ہیں، ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ایبٹ آباد ضلع میں آنے والا ترقیاتی فنڈ لیپس ہوا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی گلیاں اور نالیاں پختہ کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ صورتحال پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے تمام تر دعوے صوبائی حکومت نے بے سود بنا دیئے ہیں، صوبائی حکومت کے الٹے اقدامات اور ایبٹ آباد سے دشمنی کی وجہ سے اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ایبٹ آباد کے بلدیاتی نمائندے الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی وجہ سے عوام کے عتاب کا نشانہ بن رہے ہیں، فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے نمائندے عوام میں ذلیل ہو رہے ہیں۔

سردار شیر بہادر نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں منتخب نمائندہ کو اختیارات حاصل ہیں کہ وہ علاقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے ایریا میں موجود دفاتر و دیگر محکموں کا معائنہ کر سکے لیکن بیورو کریسی نے نمائندوں کو بھی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی سے جنگ ہے، سرکاری ملازمین کو عوام کا خادم بنائیں گے، حکومتی اداروں کی پرفارمنس بہتر اور نمائندے عوام کے مسائل کو خود حل کر سکیں، اختیارات کی جنگ لڑ رہا ہوں، اختیارات پر کمپرومائز نہیں کروں گا۔

تقریب کے منتظم ریاض تنولی اور عطیہ نے کہا کہ اس ٹریننگ کے ذریعہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ان کے حقوق، فرائض اور وسائل کے اندر رہتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی تربیت دی جائے گی۔ سی وی پی کے ڈائریکٹر عبیدالرحمن نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس تربیت کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔