عوامی تحریک یوتھ ونگ کے ضرب امن کارواں کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب، رہنمائوں کی شرکت

دہشت گردی ،انتہا پسندی اور حکمرانوں کی کرپشن پھیلتی جارہی ہے، نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا ،مرکزی صدر یوتھ ونگ

پیر 5 دسمبر 2016 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے چلنے والا عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون پہنچ گیا۔مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنمائوں ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، چودھری افضل گجر، شہزاد رسول، سہیل رضا، شاہد لطیف، سعید اختر و دیگر نے پرتپاک استقبال کیا۔

کارواں میں شامل نوجوانوں نے استقبال ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ضیافت میلاد میں شرکت کی۔مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ضرب امن کارواں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن کارواں میں شامل نوجوان اور یہ کارواں 6 دسمبر (منگل) کی رات لاہور ایئرپورٹ پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا استقبال کرے گا اور پھر ڈاکٹر طاہر القادری کی دعائوں اور ان سے مزید ہدایات لیتا ہوا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

کارواں 7دسمبر کو گوجرانوالہ پہنچے گا۔8دسمبر کو گجرات اور پھر راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پہنچے گا جہاں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے طلباء،اساتذہ اور معصوم پاکستانی شہریوں سے اظہار یکجہتی کرے گا اور دنیا کو امن ،محبت کا پیغام دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے ملک بچانے کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

جمہوری قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔پاکستانی قوم فکری طور پر کمزور کیا جارہا ہے۔ دہشتگردی ،انتہا پسندی اور حکمرانوں کی کرپشن پھیلتی جارہی ہے۔آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے۔آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہیں ہو گا ملک بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کررہے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ اس جدوجہد میں عوام کو شریک کرنے کیلئے نوجوان شہر شہر جارہے ہیں۔حقیقی عوامی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہرفرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3فیصد سے چھین کر 97فیصد کو منتقل کی جائے۔اسی سے پاکستان حقیقی،اسلامی اور جمہوری بنے گا۔نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری قوم کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گاتاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔

معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار واپس منتقل کرنا ہو گا۔سیکرٹری جنرل عوامی تحریک یوتھ ونگ منصور قاسم نے کہا کہ امانتیں اصل افراد کو سپرد کرنے کا حساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آ جائے گا۔عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نام ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :