وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل کاکوٹ لکھپت جیل کا دورہ ،قیدیوں کے مسائل سنے

پیر 5 دسمبر 2016 19:52

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے پیر کے روز کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اعجاز احمد نے وفاقی وزیر کو جیل میں موجود قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی و دیگر معاملات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں غیر ملکی قیدی بھی موجود ہیں جن کو پاکستان سے ان کے اپنے ممالک میں بھجوانے کیلئے سفری دستاویزات کیلئے وزارت انسانی حقوق کی مدد درکار ہے۔

غیر ملکی قیدیوں نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے غیر ملکی قیدیوں کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت انسانی حقوق‘ وزارت داخلہ‘ وزارت خارجہ کے ساتھ معاونت کرکے غیر ملکی قیدیوں کو ان کے ممالک میں بھجوائے جانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کے دوسرے صوبوں کے قیدیوں نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ ان کے چالان ان کے متعلقہ صوبوں سے منگوائے جائیں‘ وفاقی وزیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ محکموں سے معاونت کرکے ان کا مسئلہ حل کرینگے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہاکہ جیل میں ایسی خواتین جن کے ساتھ بچے بھی ہیں ان کے علاج معالجہ و دیگر ضروریات کا خیال رکھا جائے اور اگر ان خواتین پر کوئی بڑا جرم نہیں ہے تو ان کی رہائی کیلئے حکومت ان کی مالی معاونت کریگی۔

متعلقہ عنوان :