عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والے قوم کی دشمن ہیں، تحسین فواد

پیر 5 دسمبر 2016 19:45

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد نے کہا ہے کہ میٹرو اورنج ٹرین خاص عوامی منصوبہ ہے۔عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والے قوم کی دشمن ہیں ۔ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر کے ہی دم لیں گے،سی پیک جیسے منفرد منصوبوں کے ذریعے ملک کی تقدیر بدلتے ہوئے مضبوط جمہوری ادارے عوام کا مقدرہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا لیک ہوچکی ہے ،الزام لگانے والوں کے پاس حسب عادت کوئی ثبوت نہیں ،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام سے کئے وعدے پورے کئے جائیں گے۔ ہمارے سامنے ملک کا مستقبل ہے ہمارے پاس ضائع کرنے کے لئے وقت نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کا طوطی بجانے کی طرح پانامہ لیکس کے ثبوت بھی پیش نہیں کر سکیں ، ہمیں ہماری قیادت نے ایسی گفتگو کرنے کا درس نہیں دیا جس سے ملکی سیاست پراگندہ ہو، ہم سیاست میں شرافت ، رواداری اور باہمی احترام کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کیا ہے ۔ عوام حقائق بخوبی جانتے ہیں اور وہ ایسے بیانات کا نوٹس نہیں لیتے۔