پاکستان پورے خطے میں امن کا خواہاں ہے،سی پیک کی صورت روس سمیت وسطی ایشیا کے تمام ممالک کے راستے میں ایک راہداری بچھا دی ہے تاکہ وہ جنگیں کرنے کے بجائے اقتصادی ترقی میں شریک ہوں

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

پیر 5 دسمبر 2016 18:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان پورے خطے میں امن کا خواہاں ہے کیونکہ یہ اچھی چیز ہونے کے علاوہ ہماری اپنی خود مختاری اور اقتصادی ترقی بھی امن ہی میں مضمر ہے۔ سی پیک منصوبے میں ہم نے اتنی بڑی سرمایہ کاری کی ہے اس لیے یہاں امن ہوگا تو راہداری کھلے گی اور روس سمیت وسطی ایشیا کے تمام ممالک کے راستے میں ایک راہداری بچھا دی ہے ۔

ان کو جنگیں نہ کرنے کا کہتے ہوئے اقتصادی ترقی کے عمل میں شریک ہونے کا کہا ہے تاکہ یہ خطہ بھی ترقی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’سیدھی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس کی امن کیلئے بڑی واضح خارجہ پالیسی ہے جس کے پیچھے ہماری اقتصادی ترقی ہے اور اس کو بڑھانے کے لیے ہم ہر کانفرنس میں شرکت کرتے ہیںاور دنیا کے جتنے بھی فورم ہیں ان کے اندر یہ آواز اٹھاتے ہیں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ۔

(جاری ہے)

ہم امن کا پیغام ساری دنیا میں لے کر جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سب دہشت گرد تنظیمیں جن میں ٹی ٹی پی، القاعدہ اور داعش سمیت دیگر موجود ہیں ۔ بھارتی راء ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے پاکستان سے پکڑے جانے کے بعد تو اس بات کا جواز ہی نہیں رہتا کہ دہشت گردی کہاں سے ہو رہی ہے اور کون کر رہا ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، دنیا جان چکی ہے کہ لائن آف کنٹرول سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت جاری ہے اوروہ انسانی حقوق کی سر عام پامالیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت ایسی حرکتیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف اپنے دفاع کے لیے جوابی کارروائی کرتا ہے تاکہ دشمن کو بتایا جا سکے کہ ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں بلکہ اس کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھر پور اور موثر جواب دیا جائے گا۔

ہماری صبر وتحمل کی پالیسی کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے کیونکہ ہمارا مقصد خطے میں امن و امان کی بحالی ہے تا کہ لوگ خوشحال ہوں۔

متعلقہ عنوان :