بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

پیر 5 دسمبر 2016 18:46

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ یہ دہشت گرد، بے گناہ شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ دہشت گردوں نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، سی آئی ڈی بلڈنگ کراچی، آئی ایس آئی آفس سکھر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قافلے پر حملوں کا منصوبہ بنایا اور ان پر عملدرآمد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ایس ایس پی چوہدری محمد اسلم سمیت 58 افراد کے قتل میں ملوث تھے جنہوں نے ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت دیگر 226 افراد کو زخمی کیا۔ ان کے قبضہ سے آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

فوجی عدالتوں میں مجرموں پر مقدمہ چلایا گیا جن میں عطاء الرحمن ولد فقیر محمد، محمد صابر ولد الف گل اور محمد فاروق بھٹی ولد محمد اسحاق شامل ہیں۔

مجرم کالعدم تنظیموں کے ارکان تھے جو بے گناہ شہریوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، آئی ایس آئی کے آفیشلز اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں ملوث تھے جس کے باعث ایس ایس پی چوہدری محمد اسلم سمیت 58 افراد شہید ہوئے۔ ان دہشت گرد حملوں کے نتیجہ میں ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت 226 افراد زخمی ہوئے۔ مجرموں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جنہیں سزائے موت سنائی گئی۔

مجرم گل زریں ولد گل شریف کالعدم تنظیم کا ممبر تھا، وہ پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھا جس سے کانسٹیبل سرتاج، پولیس کانسٹیبل احمد خان شہید ہوئے اور ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت دیگر 10 افراد زخمی ہوئے۔ مجرم آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے میں بھی ملوث تھا جس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا جسے سزائے موت سنائی گئی۔