سٹریٹ تھیٹر میں حصول تعلیم اور اپنے خاندان کی معاونت جیسے سماجی امور اجاگر کئے جائیں گے، سلمان صوفی

پیر 5 دسمبر 2016 18:46

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) سپیشل مانیٹرنگ یونٹ لااینڈ آرڈر اور اقوام متحدہ ویمن سیف سٹی اینڈ پبلک سپیسز کے اشتراک سے پنجاب میں خواتین کے تحفظ اور تشدد کے خاتمے کا عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف شہروں میں16 روزہ سٹریٹ تھیٹر مہم پیرکے روز سے شروع ہوگئی۔سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی نے بتایا کہ5 سے 10 دسمبر تک ملتان ،فیصل آباد اور لاہور میں مختلف عوامی مقامات اور اداروں میں سٹریٹ تھیٹر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

سٹریٹ تھیٹر میں ایس ایم یو کی ویمن آن ویلزاور خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے خصوصی مراکز (وی اے ڈبلیو سی) کے بارے میں ڈرامائی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔جس میں مختلف پیشکار خواتین پر تشدد کے خاتمے کا شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف خاکے وغیرہ پیش کریں گے اور خواتین کو آمدورفت میں خود مختاری کی طرف مائل کرنے کے لئے ویمن آن ویلز کا تھیم بھی پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ سٹریٹ تھیٹر میں لاہور ،ملتان ،فیصل آباد،راولپنڈی اور سرگودھا میں ٹریننگ حاصل کرنے والی15 سو خواتین کی زندگیوں میں رونما ہونے والے مختلف مثبت اثرات کی ڈرامائی عکاسی کی جائے گی۔جہاں اپنے بچوں کو سکول ڈراپ کرنے ،حصول تعلیم کے لئے مختلف اداروں میں با آسانی رسائی اور اپنے خاندان کی معاونت جیسے سماجی امور اجاگر کئے جائیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ یو این ویمن نے لاہور سمیت پنجاب میں ویمن آن ویلز پراجیکٹ کے انعقاد کو سراہا اور اسے بہتری کا نقیب قرار دیا۔پنجاب میں انٹر ایکٹو ریسورس سینٹرکے زیر اہتمام مختلف مقامات پر تھیٹر پرفارمنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں حاضرین سے باہمی مباحثہ کا سیشن بھی منعقد ہو گا تاکہ لوگ اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :