پیپلز لبریشن آرمی چین کے کمانڈر جنرل ژائو ژونگ چی کوما کا جی ایچ کیو کا دورہ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

پیر 5 دسمبر 2016 18:42

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) پیپلز لبریشن آرمی ویسٹرن تھیٹر عوامی جمہوریہ چین کے کمانڈر جنرل ژائو ژونگ چی کوما نے پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور انہیں پاک آرمی کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

چینی جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر پاک آرمی کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک۔چین اقتصادی راہداری کے تحفظ کیلئے پاک آرمی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے چینی جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کی۔ انہوں نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔