اگلے سال تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونے والے ہیں، افتخار احمد وارثی

پیر 5 دسمبر 2016 18:39

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی کوششوں بالخصوص وزیر اعلی پنجاب کی انتھک جدوجہد اور رات دن کام کا نتیجہ بہت جلد عوام کے سامنے آنے والا ہے۔ اگلے سال تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہونے والے ہیں جس کا کریڈٹ عوام کی منتخب جمہوری حکومت کو جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بات اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اگلے الیکشن بھی اپنی عوامی خدمت کی بناء پر جیتے گی اور اگلے پانچ سالہ دور میں عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی بتدریج حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب عوام کی عملی خدمت کی سیاست ہے اور دوسری جانب عمرانی سیاست ہے جس نے عوام کو سوائے بے مقصد دھرنوں اور احتجاج کے کچھ نہیں دیا۔