ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منا نے کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانا ہے، طلعت محمود گوندل

پیر 5 دسمبر 2016 18:39

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ 5 سے 10 دسمبر تک منایا جارہا ہے جس کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ماں او ربچے کی صحت کے حوالے سے منا ئے جانے والے ہفتے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری امانت داری کے ساتھ نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ہفتے کے دوران لیڈ ی ہیلتھ ورکرز خواتین دیہی مراکز اور گھر گھر جاکر حاملہ خواتین اور چھ ما ہ سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی بنیادی غذائیت کے بارے میں آگاہی اور مختلف بیماریوں سے بچائو کی ادویات فراہم کریںگی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میںای ڈی او ہیلتھ ارشد علی صابر ، ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر چوہدری سہیل ، ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹرIRMNCH) ( ڈاکٹر عظمی حیات ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالجبار ، زونل خطیب مولانا حافظ اقبال رضوی سمیت تحصیل ہیلتھ آفیسر ز کے علاوہ این جی اوز کے نمائندوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے شرکت کی ۔ڈی سی او طلعت محمود گوندل نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد ماں اور بچے کی صحت سے منسوب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بچوں میں بنیادی غذا کی کمی کی وجہ سے وہ دنیا میں آنے سے پہلے ہی ان کی موت واقع ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا مربوط ہفتہ صحت و صفائی ، غذائیت اور حفظان صحت کے بہتر اصولوں پر عمل کا معیار بہتر بنا کر بچوں کی زندگیاں بچانے اور ان کی نشو ونما کے لیے ایک ماڈل فراہم کرتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ماں او ربچے کی صحت کا ہفتہ کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حمل خواتین کو صحت مند خوراک دی جائے تاکہ وہ ایک صحت مند بچے کو جنم دے سکے اوربچے کی پیدائش بعداس کی غذاء کاخاص خیال رکھا جائے اوربیماری سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں ضرورلگوائیں۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ارشد علی صابر نے کہا کہ محفوظ اور صحت مند معاشرہ کے لیے ماں اور بچے کا صحت مند ہونا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ زچگی ، بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور 2 سال سے 5 سال کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی ادویات فراہم کرنا ، حاملہ خواتین کو تشنج سے بچائو کے ٹیکے لگانا اس ہفتہ کے اہم اقدامات ہے ۔

ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹرIRMNCH) ( ڈاکٹر عظمی حیات نے کہا کہ اس ہفتے کے دوران سال سے کم عمر 1 لاکھ 24 ہزار 7 سو 20 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور 2 سال سے 5 سال تک کی عمر کے 1 لاکھ 55 ہزار917 بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی ادویات فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ 66 ہزار 517 حاملہ خواتین کو تشنج سے بچائو کے انجکشن لگائے جائیں گے۔