پاکستان۔اٹلی مشترکہ اکنامک کمیشن کا دوسرا اجلاس

پیر 5 دسمبر 2016 18:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان۔اٹلی مشترکہ اکنامک کمیشن کا دوسرا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ اٹلی کے وفد کی قیادت نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی ایوان سکیل فروٹو جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ، اقتصادی امور، شماریات و نجکاری رانا محمد افضل خان نے کی۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان موجودہ اقتصادی صورتحال، اصلاحات، ترجیحات اور دوطرفہ ادارہ جاتی و تجارتی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد میں وسیع تر اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان۔

(جاری ہے)

اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیشن کا افتتاحی اجلاس 22 تا 23 مارچ 2006ء کو روم میں ہوا تھا۔ اجلاس میں دونوں ممالک نے چار ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ کیا تھا جن میں توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی، ٹریڈ اینڈ جوائنٹ وینچر، زراعت و ایگرو انڈسٹریز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی تعاون شامل ہیں۔

مشترکہ کمیشن کا دوسرا اجلاس ایک عشرے بعد منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اٹلی کے مختلف محکموں سے 25 مندوبین نے شرکت کی جبکہ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کے علاوہ وزارت خزانہ، وزارت خارجہ امور، وزارت تجارت، وزارت پانی و بجلی، وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی، وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت مواصلات، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سرمایہ کاری بورڈ اور زراعت کے صوبائی محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :