جیٹرو کی جانب سے جاپان بزنس ایکسپو میں بھرپور شرکت کی جائیگی‘ 18معروف جاپانی کمپنیاں بھی حصہ لیں گی

پیر 5 دسمبر 2016 18:22

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) آفس کی جانب سے کراچی میں7اور8دسمبرکوجاپان بزنس نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ایک چھت کے نیچے معروف جاپانی کمپنیوں کو اکٹھا کیا جائے گا۔آرگنائزیشن کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی اور مصنوعات تیار کرنے والی 18معروف جاپانی کمپنیاں اس نمائش کا حصہ ہونگی۔

مخصوص جاپانی برانڈز جن میں آٹو سیکٹر کمپنیوں کی مصنوعات ، الیکٹرونکس، مشینری، ہیلتھ کیئر، سکن کیئر، سٹیل، کیمیکل کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل سے منسلک مصنوعات نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی۔اس نمائش میں جیٹرو کا بوتھ بھی ہو گا جس کا مقصد نمائش پر آنے والے افراد کو جاپانی مارکیٹ، مشہور جاپانی کمپنیوں اور کاروباری شراکت کے حوالے سے معلومات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مستقبل میں جاپان میں ہونے والی نمائش میں شرکت کے مواقعوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔جیٹرو اس نمائش کی کامیابی کیلئے پر امید ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت 80سے زائد جاپانی کمپنیاں یاجاپانی کمپنیوں سے منسلک کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔جیٹرو کراچی تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک تنظیم ہے اور پاکستان اور جاپان کے باہمی معاشی تعلقات ہمیشہ اس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔