آرمی چیف نے چار خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

سزا یافتہ دہشت گرد بیگناہ شہریوں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں ،ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے قتل سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے،ایس ایس پی چودھری محمد اسلم کو قتل ، ایس ایس پی فاروق اعوان کو زخمی کیا،آئی ایس پی آر دہشت گرد جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ ، سی آئی ڈی بلڈنگ کراچی، آئی ایس آئی آفس سکھر اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے قافلے پر حملوں اور منصوبہ بندی میں شامل تھے

پیر 5 دسمبر 2016 18:14

آرمی چیف نے چار خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چار مزید خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ یہ دہشت گرد بیگناہ شہریوں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے قتل سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ ان دہشت گردوں نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ ، سی آئی ڈی بلڈنگ کراچی، آئی ایس آئی آفس سکھر اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے قافلے پر حملوں کی منصوبہ بندی کی اور حملے کئے۔

مجموعی طور پر یہ دہشت گرد 58 افراد کے قتل میں ملوث تھے جن میں ایس ایس پی چودھری محمد اسلم بھی شامل تھے۔ ان دہشت گردوں نے ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت 226 افراد کو زخمی بھی کیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ دہشت گردوں کے قبضے سے آتشین اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ چاروں دہشت گردوں کیخلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق تین دہشت گرد عطاء الرحمن ولد فقیر محمد، محمد صابر ولد الف گل اور محمد فاروق بھٹی ولد محمد اسحاق کالعدم تنظیموں کے رکن تھے اور بیگناہ شہریوں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور آئی ایس آئی کے اہلکاروں ، جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حملوں میں ملوث تھے اس کے نتیجے میں ایس ایس پی چودھری محمد اسلم سمیت 58 افراد جاں بحق ہوئے ان حملوں کے نتیجے میں ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت 226 افراد زخمی بھی ہوئے۔

سزا پانیوالے دہشت گردوں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور انہیں موت کی سزا سنائی گئی۔ چوتھا دہشت گرد گل زریں ولد گل شریف بھی کالعدم تنظیم کا رکن تھا وہ پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سرتاج ، پولیس کانسٹیبل احمد خان جاں بحق اور دس دیگر زخمی ہوئے مجرم کے قبضے سے آتشین اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے بھی موت کی سزا سنائی گئی۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالت سے چاروں دہشت گردوں کو سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کردی ہے ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی توثیق کے بعد دہشت گردوں کو کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی ہے۔