کرپشن کے تدارک کیلئے آگاہی مہم دورس نتائج کی حامل ہوگی، پرنسپل بولان میڈیکل کالج شبیر احمد لہڑی اور ڈائر یکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی کا طلباء و طالبات سے خطاب

پیر 5 دسمبر 2016 18:14

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) پرنسپل بولان میڈیکل کالج شبیر احمد لہڑی نے کرپشن کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند بد عنوان لوگوں کی وجہ سے ہمارا معاشرہ انحطاط کا شکار ہے، کرپشن کے تدارک کے لئے آگاہی مہم دورس نتائج کی حامل ہو گی، بولان میڈیکل کالج میں ہر سہ ماہی میں آگاہی کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور بی ایم سی کے اساتذہ اور عملہ میں جو غیر حاضر پایا گیا سزا کے طور پر اُنکی تنخواہوں میں سے کٹوتی کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیب بلوچستان کے زیر اہتمام بد عنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ واک کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر ز نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی، سید عامر شاہ کے علاوہ بولان میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی ایک کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجودتھی۔

(جاری ہے)

پرنسپل بولان میڈیکل کالج شبیر احمد لہڑی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ منفی سر گرمیوں میں شرکاء کی تعداد دیدنی ہوتی ہے جبکہ کرپشن کے خاتمے جیسے اہم مسئلے کو اُجاگر کرنے کے لئے منعقدہ مختلف پروگراموں میں عوام الناس کی عدم شمولیت اور دلچسپی قابل تشویش ہے۔

انھوں نے نیب کی آگاہی مہم کا حصہ بننے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ بی ایم سی میں اس موزی مرض کی روک تھام کے لئے مختلف پروگرام تشکیل دیئے جائیں گے۔ اور اساتذہ و عملہ کسی قابل قبول جواز کے بغیر شریک نہ ہوا تو سزا کے طور پر انکی تنخواہ سے کٹوتی کی جائیگی۔ انھوں نے طلباء کو ایمان داری کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبے میں انکا مقصد پیسہ بنانا نہیں بلکہ خدمت خلق ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ انھیں چند اچھے اور ایماندار لوگوں کا ساتھ چاہیے جس کے بعد وہ بولان میڈیکل کالج کا نقشہ بدل دیں گے۔ڈائر یکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی نے اس سے قبل بولان میڈیکل کالج کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیب اپنی سہ جہتی حکمت عملی کے تحت آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس میں بد عنوانی کے خلاف تندہی کے ساتھ لڑ رہا ہے۔ سکول، کالجز اور جامعات کا ساتھ اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری نئی نسل کرپشن کے ناسور کا خاتمہ چاہتی ہے۔قبل ازیں پرنسپل بولان میڈیکل کالج اور ڈائر یکٹر ز نیب کی سربراہی میں بی ایم سی کے احاطے میں واک کا اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :