پانامہ لیکس چوروں کا حساب بہت قریب ہے ‘سیدصمصام علی بخاری

(ن) لیگ کے درباری شور مچا کر وزیراعظم کو احتساب سے نہیں بچا سکتے ‘ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب

پیر 5 دسمبر 2016 17:47

ؒلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سیدصمصام علی بخاری نے کہاہے کہ وزیراعظم پانامہ کیس میںبُری طرح پھنس چکے ہیں اور ان کے احتساب کا وقت قریب ہے، وزیراعظم اور ان کی فیملی کے ممبران نے جھوٹ کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، پانامہ ایشو کو مرنے نہیںدیں گے اور کرپشن کرنے والوں کاآخری حد تک پیچھا کیا جائیگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کو پانامہ لیکس پر جواب دیناہوگا قوم کو بتانا ہوگا کہ کیسے دولت بنائی اور پھر کیسے بیرون ملک بھیجی گئی، (ن) لیگ کے دربار ی اپنی نوکریاں کی کرنے کے چکر میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔وزیراعظم کے ساتھ ساتھ انکے درباریوں کوانصاف کے کٹہرے میںکھڑا کریں گے اوران سے ملکی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب لیاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کی بھلائی اور بہتری کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیںکی حکمران ایسے پروجیکٹ شروع کرتے ہیں جہاں سے ان کی کمیشن بنتی ہو ، پورے پنجاب کابجٹ لاہور میں لگانے کے باوجود چور اور ڈاکو دندھناتے پھررہے ہیں اور شہریوں کو دن دیہاڑے لوٹا جا رہا ہے ۔سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ کل تک ڈکٹیٹر کے جوتے پالش کرنے والے دانیال عزیز اور طلال چوہدری آج کل وزیراعظم کو بچانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں ۔ دانیال عزیز اور طلال چوہدری تحریک انصاف کے خلاف بولنے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور شرم سے ڈوب مریں ، وزیراعظم کی کشتی کو ڈوبتے دیکھ کر ان جیسے لوگ دوسری جماعتوں میں جانے کے لئے سب سے آگے ہونگے۔