مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں کشمیریوں کا اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

پیر 5 دسمبر 2016 17:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم و بربریت کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے سینکڑوں کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین بھارتی غاصبو چھوڑ دو کشمیر کو، لے کے رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے رکھے تھے۔ مظاہرہ کا اہتمام پی ٹی آئی کشمیر ویمن ونگ اسلام آباد نے کیا تھا جبکہ اس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کل جماعتی حریت کانفرنس اور مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اس مظاہرہ کا انعقاد کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کی کھل کر حمایت کرے۔ پاکستان شملہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرے کیونکہ شملہ معاہدہ اب اپنی افادیت کھو چکا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اگلے سال سیز فائر لائن توڑیں گے جس طرح کہ 1989ء میں جرمنوں نے دیوار برلن کو توڑ ڈالا تھا اس وقت بھی امریکی اور سوویت یونین کی فوجیں وہاں پر موجود تھیں اور تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام چاہیں تو پھر کوئی ان کا راستہ نہیں روک سکتا۔

اب یہ صحیح وقت ہے کہ دونوں اطراف کے کشمیری نظریاتی و سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اس خونی لکیر کو ختم کر دیں۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر میر طارق مسعود نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت سے تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا، مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ سیّد یوسف نسیم نے کہا کہ ہماری جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی۔ مظاہرے سے پی ٹی آئی کشمیر اسلام آباد کی صدر خولہ خان، سینئر نائب صدرخواجہ فاروق احمد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار امتیاز خان،صدر ویمن گلزار فاطمہ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :