منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازمین کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری،چھوٹے ملازمین کے چولہے بند ،گھروں پر فاقے

پیر 5 دسمبر 2016 16:46

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 دسمبر2016ء) منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازمین کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی ۔ ہائوسنگ اتھارٹی کے مجاز افسران کی جانب سے کوئی بھی شخص متاثرہ ملازمین سے بات چیت کرنے نہیں آیا ۔ معاملات کو یکسو کرنے کی بجائے ہٹ دھرمی پر قائم ہیں ۔ انکے اندر کوئی نرمی یادلچسپی ظاہر نہیں ہو رہی ۔ ادھر چھوٹے ملازمین کے چولہے بند ہیں اور گھروں پر فاقے جاری ہیں ۔

ادارہ ہذا کے مجاز افسران کے رویے کوجانچتے ہوئے ملازمین اب سوچنے پرمجبور ہو گئے ہیں کہ اب ہمیں بھوک ہڑتال شروع کرنی چاہیے گھروں میں ویسے بھی فکر و فاقے ہیں اب سڑکوں پر بھی فاقہ کشی ہو گی اور اس بھوک ہڑتال کی ذمہ دار ادارہ ہذا کے مجاز سربراہ اور آزاد حکومت ہو گی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ان خیالا ت کااظہار ہڑتالی کیمپ میںموجود ملازمین آفتاب حسین ، مشتاق حسین ، طاہر یونس ، سجاد ، نعمان یوسف ، علی محمد و دیگر نے کیا ۔

آج ہڑتال کیمپ میں خواجہ لیاقت علی صدر غیر جریدہ ملازمین ، منگلا ڈیم توسیع رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں راجہ اعظم خان ، سردار رشید جمال ، امین چوہان نے شرکت کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی اور ملازمین کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کی یقین دھانی کروائی منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازمین ہڑتالی کیمپ میں آنے والے تمام نمائندہ تنظیموں کے سربراہان ، سیاسی اور سماجی شخصیات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :